اسلام آباد،03 ستمبر(اے پی پی ): کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر نے خیبر پختونخوا میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ایمرجنسی ریلیف کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔ امدادی سامان سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع بونیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، دیر اپر، دیر لوئر، صوابی اور دیگر علاقوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔
بحران کے پیشِ نظر کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف نے 10,000 شیلٹر کٹس اور 10,000 فوڈ پیکجز مختص کیے ہیں،ہر شیلٹر کٹ میں ایک خیمہ، سولر پینل بمعہ ایل ای ڈی لائٹس، دو تھرمل کمبل، پلاسٹک کی چٹائیاں، کچن سیٹ، پانی کے کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن شامل ہیں جبکہ ہر فوڈ پیکج، جس کا وزن 95 کلوگرام ہے، میں آٹا، چینی، دالیں اور کوکنگ آئل شامل ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی غذائی ضروریات فوری طور پر پوری کی جا سکیں۔
امدادی سامان کی تقسیم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، آر آر اینڈ ایس ڈی کے پی، مقامی حکام اور کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف کے شراکتی اداروں حیات فاؤنڈیشن اور پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے کی جا رہی ہے تاکہ امداد شفاف اور بروقت انداز میں مستحق افراد تک پہنچائی جا سکے۔
یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف کے ذریعے پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی اور بحران کے دوران فوری انسانی امداد فراہم کرنے کے عزم کی تجدید ہے۔