اسلام آباد،26اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آر ایل این جی سے گھریلو صارفین کو معیاری ایندھن کی فراہمی ممکن ہوگی، ملک بھر میں لاکھوں صارفین گیس کنکشنز کے منتظر ہیں، ہماری حکومت نے ملک میں بیس بیس گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ بھی حل کیا تھا، پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل (آر ایل این) گیس کے گھریلو کنکشنز کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج گھریلو صارفین کیلئے معیاری ایندھن دستیاب ہوگیا ہے، یہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے عوامی خدمت کے اقدامات کا ہی تسلسل ہے ، 2013 میں تیسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد انہوں نے ملک میں اٹھارہ اٹھارہ بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیا تھا۔ آج گیس کا مسئلہ بھی مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم سمیت اتحادی جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم کی حکومت نے حل کیا ہے جس پر میں سب کو مبارک باد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیں دن رات محنت کرنی ہے اور اپنے ملک کو آگے لیکر جانا ہے۔
قبل ازیں وزیر اعظم نے تختی کی نقاب کشائی کرکے آر ایل این جی کنکشنز کی فراہمی کا افتتاح کیا۔
وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر حکومت نے قطر و دیگر ممالک سے ملکر توانائی کا مسئلہ حل کرنے پر توجہ دی تاکہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اب گھروں میں گیس سلنڈرز نہیں رکھنا پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال میں ایس این جی پی ایل نے 29ارب منافع کمایا، لائن لاسز کم ہوکر 4.93 فیصد پر آگئےہیں، آر ایل این جی محفوظ اور ماحول دوست ایندھن ہے،گیس کنکشنز کی فراہمی اب آسان ہوگئی ہے –











