اسلام آباد،07 اکتوبر(اے پی پی ): یورپی پارلیمنٹ کی اعلیٰ سطحی کمیٹی برائے ترقی کے وفد نے وزارتِ تجارت کا دورہ کیا اور وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی۔
فریقین نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
جام کمال خان نے وفد کو بتایا کہ پاکستان نے انسانی حقوق، محنت کشوں کی فلاح اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے باور کرایا کہ نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کی بین الاقوامی سطح پر اسٹیٹس کی منظوری پاکستان کی پیش رفت کا اعتراف ہے۔ اسی طرح صحافیوں کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بھی اہم قانون سازی کی گئی ہے۔
وزیرِ تجارت نے کہا کہ ملکی معیشت کا مستقبل صنعتی ترقی اور ہنرمند نوجوانوں کی تیاری سے وابستہ ہے۔ انہوں نے یورپی سرمایہ کاروں کو زراعت، خوراک، صنعت اور ای کامرس سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات میں ایتھنول ایکسپورٹس پر ڈیوٹی رعایت ختم ہونے اور باسمتی چاول کی جغرافیائی شناخت کے معاملات بھی اٹھائے گئے۔ جام کمال خان نے اس موقع پر یورپی یونین سے کاربن بارڈر میکانزم اور دیگر ماحولیاتی ضوابط پر تعاون کی درخواست کی اور دیہی معیشت کے تحفظ پر زور دیا۔
یورپی ارکان پارلیمنٹ نے پاکستان کی شفافیت، اصلاحات اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں عالمی امن، تعلیم اور اقتصادی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ وفد نے پاکستانی مہمان نوازی اور مثبت شراکت داری کی تعریف کی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب نے باہمی تجارت اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔











