اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات

8

اسلام آباد، 09 اکتوبر (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس، اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے وفاقی اکائیوں کے درمیان مضبوط روابط اور پارلیمانی سطح پر مؤثر تعاون کو ملکی ترقی و استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ جمہوری اداروں کا استحکام اور عوامی فلاح و بہبود پارلیمان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مشاورت اور ہم آہنگی کے فروغ سے ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا مستقل حل نکالا جا سکتا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمان کے مؤثر کردار کو سراہا اور کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مثبت رابطوں کے فروغ سے ملک کو درپیش مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔