بیکن ہاؤس نیشنل کالج فیئر میں ساٹھ سے زائد جامعات کی شرکت، دو ہزار طلبہ مستفید ہوئے

19

اسلام آباد،01اکتوبر(اے پی پی): بیکن ہاؤس نیشنل کالج فیئر بدھ کے روز نجی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں ساٹھ سے زائد قومی اور بین الاقوامی جامعات نے شرکت کی۔

 دن بھر جاری رہنے والے اس ایونٹ میں دو ہزار کے قریب طلبہ نے حصہ لیا۔ اس موقع پر منتظمین نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ ہر سال منعقد کیا جاتا ہے جو طلبہ کو اپنے مستقبل کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ اہداف طے کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

جامعات کے نمائندگان نے کہا کہ طلبہ پرجوش نظر آئے اور انہوں نے بالخصوص مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس اور میڈیکل کے شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

طلبہ نے اپنے تاثرات میں کہا کہ یہ تقریب ان کی توقعات پر پوری اتری اور اس سے انہیں قومی اور بین الاقوامی جامعات سے براہِ راست رابطہ کرنے کا موقع ملا۔

بیکن ہاؤس نیشنل کالج فیئر نہ صرف تعلیمی اداروں اور طلبہ کو قریب لانے کا ذریعہ ثابت ہوا بلکہ اس نے مستقبل کے انتخاب میں نوجوان نسل کے لیے ایک سمت بھی متعین کی۔