صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی ملاقات

10

اسلام آباد، 17 اکتوبر (اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔

صدرِ مملکت نے خادمِ الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے ڈاکٹر العیسیٰ کی مسلم امہ میں اتحاد، اعتدال اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ کی انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا کے خلاف کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

صدر نے کہا کہ اسلام آباد میں مسلم ورلڈ لیگ کی میزبانی میں لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس قابلِ تعریف اقدام ہے۔ سیرت النبی ﷺ میوزیم پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے باہمی احترام اور عقیدت کی علامت ہے۔

انہوں نے پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے درمیان مجوزہ معاہدے کو صحت، تعلیم اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے لیے اہم قرار دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا کہ پاکستان سعودی عوام کے دلوں میں خصوصی مقام رکھتا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔