اسلام آباد، 17 اکتوبر (اے پی پی ): صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال ہوا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جرمنی کی ماحولیاتی تحفظ، خواتین کے بااختیار بنانے اور سماجی ترقی میں معاونت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان۔جرمنی کلائمیٹ پارٹنرشپ معاہدے کی جلد تکمیل دونوں ممالک کے مفاد میں ہوگی۔
صدر مملکت نے جرمن سرمایہ کاروں کو قابلِ تجدید توانائی، آئی ٹی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پاکستان۔جرمنی چیمبر آف کامرس کے قیام سے کاروباری تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے چھٹے پاکستان۔جرمنی اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی میزبانی پر جرمنی کا خیرمقدم کیا اور افغان ری لوکیشن پروگرام میں تعاون کے ساتھ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی میں پاکستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد خوش آئند اور اطمینان بخش ہے۔
جرمن سفیر نے صدر مملکت کو بتایا کہ یہ پاکستان میں ان کی بطور سفیر دوسری اور مجموعی طور پر تیسری تعیناتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس سے قبل 2006 تا 2009 اور 2015 تا 2019 کے دوران بھی پاکستان میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔











