اسلام آباد ، 15 اگست ( اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے رومانیہ میں پاکستان کے نامزد سفیر الیاس محمود نظامی کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں صدر مملکت نے الیاس محمود نظامی کو رومانیہ میں پاکستان کا سفیر نامزد ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ رواں سال پاکستان اور رومانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ صدر پاکستان نے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور عوامی روابط میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ نامزد سفیر معاشی سفارت کاری کو ترجیح دیں تاکہ دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہو سکے۔
صدر مملکت نے قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے 2025 کے تجارتی و اقتصادی تعاون کے معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان کاروباری روابط کے فروغ سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی ثقافت، فن اور ورثے کو اجاگر کرنے اور سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ رابطے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔











