سکھر،27اکتوبر(اے پی پی): ملک کی طرح ضلع سکھر میں بھی 27 اکتوبر کو کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر “یومِ سیاہ” منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار اور بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری ظلم، جبر اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میونسپل اسٹیڈیم سکھر سے شروع ہو کر پریس کلب سکھر پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سکھر ٹو بشریٰ منصور نے کی۔ اس موقع پر اساتذہ، طلبہ، وکلاء، سیاسی و سماجی کارکنان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاءنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سکھر ٹو بشریٰ منصور نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ جب تک انہیں ان کا حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہوتا، ہم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا جائے۔
آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔











