عوامی خدمت میں انقلابی پیش رفت، ملتان ڈویژن کا ڈرائیونگ لائسنسنگ میں نیا ریکارڈ قائم

52

 

ملتان،  02 اکتوبر (اے پی پی ): ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع نے عوامی خدمت کی فراہمی میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنسنگ کے شعبے میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 91 ہزار 645 ڈرائیونگ لائسنسز جاری کیے گئے، جبکہ سال 2022 میں یہ تعداد صرف 7 ہزار 107 لائسنسز تھی۔ اس غیر معمولی اضافے نے نہ صرف عوامی سہولتوں میں وسعت کو اجاگر کیا بلکہ پولیس اصلاحات اور بہتر حکمتِ عملی کا بھی عملی ثبوت فراہم کیا ،جو پولیس کے ادارہ جاتی اقدامات اور عوامی شمولیت کی بدولت ممکن ہوا۔

اس تاریخی کامیابی کے پسِ پردہ عوامل میں انتظامی کارکردگی میں بہتری، سہولیات میں اضافہ، ڈیجیٹل اصلاحات اور عوامی شعور کی بیداری شامل ہیں۔ آر پی او نے کہا کہ یہ پیش رفت عوام دوست حکمرانی کی حقیقی عکاسی ہے اور اس سے عوامی خدمت کے سفر میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔

ترجمان ریجنل پولیس ملتان کے مطابق یہ کامیابی مستقبل میں بھی عوامی خدمت کے لیے نئی راہیں کھولے گی اور پولیس عوام کے مسائل کے حل میں مزید فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔