مذہبی، ثقافتی رواداری وقت کی اہم ضرورت، ڈاکٹر عطاء الرحمن

26

اسلام آباد، (اے پی پی): سیکرٹری مذہبی امور و بین المذاہب ہم اہنگی ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ دنیا بھر اور خاص طور پر ہمارے معاشرے میں مذہبی، ثقافتی اور معاشرتی رواداری اور برداشت کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر بنا اور قیام پاکستان کے وقت ہی 11 اگست 1947 کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے یہ پیغام دیا تھا کہ ہر مذہب کے لوگ اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے میں آزاد ہیں۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوۓ انھوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم اہنگی نے اس سلسلے میں ایک مذہبی رواداری اور برداشت کو فروغ دینے کے لیے ایک لائحہ عمل بنایا ہے جس کے مطابق آج کی دنیا کے تمام پلیٹ فارمز، سوشل میڈیا، معاشرتی اجتماعات اور نوجوانوں کے کردار کو اہمیت دی گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوۓ پاکستان کے تمام مذاہب کی تقریبات کو سرکاری طور پر مناتی ہے، ان تقریبات میں مختلف مذاہب کے لوگ مل جل کر بیٹھتے ہیں جس سے ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ علامتی طور پر یہ تقریبات دارالخلافہ میں منعقد ہوتی ہیں جبکہ صوبائی حکومتوں اور تمام مذاہب کے رہنماؤں سے رابطے سے یہ تقریبات صوبائی اور ضلعی سطح پر بھی منائی جاتی ہیں۔