مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سات دہائیوں سے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں؛اعظم نذیر تارڑ

11

اسلام آباد، 27 اکتوبر ( اے پی پی): وفاقی وزیرِ قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سات دہائیوں سے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ۲۷ اکتوبر ۱۹۴۷ء کا دن جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔اس روز بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا اور ظلم و جبر کی ایک طویل داستان کا آغاز ہوا۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑنے یوم سیاہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کا حوصلہ اور عزم آج بھی غیر متزلزل ہے، پاکستان اپنے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کو دہراتا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کشمیریوں کا حقِ خودارادیت اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تسلیم شدہ حق ہے، عالمی برادری بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، جب تک اُنہیں آزادی اور انصاف نہیں مل جاتا۔