نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

14

اسلام آباد،  03 اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ  قائداعظم محمد علی جناح کی فلسطین سے متعلق پالیسی سے کسی بھی  قسم کے انحراف کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے بیت القدس الشریف کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے پاکستان کے غیر متزلزل مطالبے کا اعادہ کیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک معاہدے کے حوالے سے ڈپٹی وزیر اعظم کا کہنا تھا  کہ یہ معاہدہ واضح طور پر اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ایک ملک پر حملہ دوسرے پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے حرمین شریفین کے محافظوں کا حصہ بننے کو پاکستان کے لیے بڑا اعزاز قرار دیا۔

نائب وزیر اعظم نے مزید بتایا  کہ کئی اقوام، عرب اور غیر عرب اسلامی ممالک نے پاکستان کے ساتھ اسی طرح کے معاہدوں پر دستخط کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان ایک دن عالم اسلام کی قیادت کرے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب کہ پاکستان پہلے ہی ایک ایٹمی اور میزائل طاقت ہے، اسے اب ایک اقتصادی طاقت بننے کے لیے بھی کوشش کرنی چاہیے، یہ عزائم صرف اجتماعی کوششوں سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اسرائیلی حکام کی جانب سے حراست میں لیے گئے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اور دیگر پاکستانی شہریوں کی گرفتاری پر بات  کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم  نے وضاحت کی کہ تقریباً پینتالیس بحری جہاز غزہ کے لوگوں کے لیے انسانی امداد لے کر جا رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشتاق احمد خان کو اسرائیل کی جانب سے روکے گئے 25 فلوٹلوں میں سے ایک سے حراست میں لیا گیا تھا۔نائب وزیراعظم نے ایوان کو یقین دلایا کہ مشتاق احمد خان سمیت تمام زیر حراست پاکستانیوں کی بحفاظت بازیابی اور واپسی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک بااثر یورپی ملک کو اس معاملے میں مداخلت کرنے اور اپنے شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے جو اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں پکڑے گئے فلوٹیلا پر سوار تھے۔

قبل ازیں ایوان نے مادر وطن کے دفاع میں جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت مختلف افراد کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔