اسلام آباد ،17اکتوبر (اے پی پی ): پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے دورہ امریکہ کے دوران امریکہ کی اعلیٰ بحری اور سول قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ نیول چیف نے امریکی ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف آپریشنز اور کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
نیول چیف نے امریکہ کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا اور یونیورسٹی کے صدر وائس ایڈمرل پیٹر اے گارون سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، پیشہ ورانہ تربیت اور میری ٹائم تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی محکمہ خارجہ کا بھی دورہ کیا اور سیاسی وعسکری امور کے ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری سٹینلے ایل براؤن سے ملاقات کی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی سکالرز اور تھنک ٹینک کے ماہرین سے خطاب بھی کیا۔انہوں نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز اور مشترکہ میری ٹائم کوششوں میں پاک بحریہ کے تعاون پر روشنی ڈالی۔
نیول چیف کا دورہ امریکہ دونوں ممالک کے مابین میری ٹائم سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو فروغ دے گا۔











