واٹر اینڈ سینیٹیشن پلان 35-2025 کا آغاز،واش پروگرام کا مقصد پانی اور صفائی سمیت زندگی کی دیگر بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہے،گورنربلوچستان

14

کوئٹہ،02 اکتوبر(اے پی پی): گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے کہا ہے کہ واش پروگرام کا مقصد پانی اور صفائی سمیت زندگی کی دیگر بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہے،ہم بلوچستان کے ہر خاندان تک ان سہولیات کی رسائی ممکن بنانے کے لیے کوشاں ہیں ،کوئٹہ میں زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک گر چکی ہے، پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ڈیمز کی اشد ضرورت ہے،10 سالہ منصوبے کی حکومت بلوچستان مکمل حمایت کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واٹر اینڈ سینیٹیشن (واش) پروگرام کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ اس منصوبے سے بلوچستان کے عوام کو بھرپور فائدہ ملے گا۔  انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے پورا بلوچستان متاثر ہے، اس سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عوام سمیت ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اپنے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر  میں پانی، صفائی سمیت کافی مسائل  حل طلب ہیں، بدقسمتی سے کوئٹہ شہر میں پانی کی سطح خطرناک حد تک گر چکی ہے،  ہزار فٹ سے پانی نکالا جا رہا ہے جو کہ تشویشناک ہے،پانی کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیمز کی اشد ضرورت ہے، ہمارے پاس ایسے علاقے موجود ہیں جہاں انسانوں کو بھی صاف پانی میسر نہیں ۔گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں موسمیاتی تبدیلی کے آثار واضح ہیں، صوبہ خشک سالی جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس سال پہلے میرانی ڈیم سے گوادر کے لیے پانی فراہم کرنے کا منصوبہ تھا مگر کسی نے دلچسپی نہ لی، جس کی وجہ سے آج گوادر کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب اس واش پروگرام سے سب کچھ بہتر ہوگا، حکومت بلوچستان یونیسیف سمیت تمام ڈونرز کے ساتھ مل کر ہر منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائی گی۔

آخر میں گورنر بلوچستان نے دس سالہ واٹر اینڈ سینیٹیشن منصوبہ کی افتتاحی تقریب کے مہمانوں گرامی اور منتظمین میں شیلڈز تقسیم کیے گئے۔