وزیراعظم شہباز شریف سے گوبی پارٹنرز کے وفد کی ملاقات

14

‎اسلام آباد ، 7 اکتوبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے معروف بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ وفد کی قیادت گوبی پارٹنرز کے کو-فاؤنڈر اور چیئرمین تھامس ساؤ نے کی۔ ‎ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، اور اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام میں شراکت داری بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

‎وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے، اور دونوں ممالک اس صلاحیت کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔

‎انہوں نے حالیہ پاکستان-ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کو ایک خوش آئند قدم قرار دیا، جو دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس (B2B) روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

‎وزیراعظم نے زور دیا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے اور کاروباری آسانیوں کو بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

‎ وزیراعظم  نے کہا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول، بہتر بنیادی ڈھانچے تک رسائی، اور کاروبار کے ابتدائی مراحل میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اصلاحات پر توجہ دے رہی ہے۔

‎وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک پائیدار اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام کی تشکیل کے لیے بین الاقوامی اور مقامی سرمایہ کو متحرک کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل معیشت  بالخصوص فنٹیک، ای کامرس، اور آئی ٹی خدمات ، قومی ترقی کی حکمت عملی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔

‎اس موقع پر گوبی پارٹنرز کے وفد نے پاکستان میں ای کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجیز کے شعبے میں اشتراک میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔