اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی افریقہ کی مہمان کرکٹ ٹیم اور قومی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا اور بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں کے بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لئے سازگار ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے جنوبی افریقہ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات اور گفتگو کی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، جنوبی افریقہ کے ساتھ مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات ہیں اور کرکٹ بھی ان میں سے ایک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جاری کرکٹ سیریز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلوں کے گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی پیدا کئے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے کرکٹرز نے بھی اپنے عمدہ کھیل سےدنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم ماضی کی طرح شاندار کھیل پیش کرے گی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں ہے بلکہ مختلف ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے کا سبب بھی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل بھائی چارے اور امن کو فروغ دیتا ہے، اس کھیل کی اصل روح کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقن ٹیم کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے بتایا کیا کہ سیریز ایک یادگار تجربہ رہا اور وہ پاکستانی شائقین کی بھرپور حمایت اور داد سے لطف اندوز ہوئے۔











