وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات پر جائزہ اجلاس

22

اسلام آباد، 30 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کو واشنگٹن میں منعقدہ سالانہ ورلڈ بینک کانفرنس میں ایف بی آر کی شمولیت اور اصلاحاتی اقدامات کی بین الاقوامی پذیرائی سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے عالمی کانفرنس میں ایف بی آر اصلاحات کی کیس اسٹڈی کو سراہنے پر ایف بی آر ٹیم کی تعریف کی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایف بی آر بالخصوص پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) میں جاری اصلاحات کے تحت آڈٹ والٹ، ڈیٹابیس پروٹیکشن وال، سیکیورٹی آپریشن سینٹر، ڈیٹابیس کی مسلسل نگرانی اور متعدد محفوظ ڈیجیٹل اقدامات نافذ کیے جا چکے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے ڈیجیٹل نظام میں ایسی صلاحیت موجود ہے کہ کسی بھی معلومات میں تبدیلی کی صورت میں صارف کا آئی پی ایڈریس خودکار طور پر درج ہو جائے گا جس سے ٹیکس فراڈ کا امکان ختم ہو جائے گا۔