وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے  سامسنز گروپ آف کمپنیز کے وفد کی ملاقات

18

اسلام آباد،15 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے  سامسنز گروپ آف کمپنیز کے انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کے وفد نے بدھ کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد میں لارڈ عامر سرفراز آف کینسنگٹن، جنرل پیٹرک سینڈر، میاں یوسف جمال شاہ، وقار ملک، گروپ سی ای او وسیم الرحمٰن، بیرسٹر منصور شاہ، جنرل منیجر مارٹن شلٹز اور کرنل آصف چوہدری شامل تھے۔

ملاقات میں وزارت صنعت و پیداوار کے کردار، صنعتی ترقی اور پاکستان میں سیاحت کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔معاون خصوصی ہارون اختر خان نے پی سی مالم جبہ اور مالم جبہ ریزورٹ کی جانب سے علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن پاکستان میں سیاحت کی صنعت کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کے فروغ سے ملک بھر میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم کا مقصد پاکستان کے شمالی علاقوں میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے جو کہ قدرتی حسن سے مالا مال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ہارون اختر خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع لامحدود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ مالم جبہ ریزورٹ جیسے منصوبے پاکستان کی مثبت شناخت کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گے اور ملک کی سیاحت کی صنعت کو فروغ دیں گے۔

آخر میں   انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ اور سی ای او مالم جبہ نے پاکستان کے شمالی علاقوں میں عالمی معیار کے ریزورٹس تعمیر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ بین الاقوامی سیاحوں کو متوجہ کیا جا سکے اور ملک کی  سیاحتی کی صنعت کو مضبوط بنایا جا سکے۔