اسلام آباد، 17 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور کامن ویلتھ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل پروفیسر لوئس فرانسشی کے درمیان ایک اہم آن لائن ملاقات ہوئی جس میں نوجوانوں کی ترقی اور بااختیاری کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے یوتھ ڈویلپمنٹ انڈیکس، ای-اسپورٹس پالیسی، اور وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگری کلچر لون اسکیم کے حوالے سے جاری تعاون کا جائزہ لیا اور باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔
چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے نوجوانوں کی عالمی ترقی میں پاکستان کے مثبت کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کامن ویلتھ کی نئی سیکریٹری جنرل شیرلی بوٹچوی کا آئندہ دورۂ پاکستان دونوں فریقین کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
پروفیسر لوئس فرانسشی نے کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس کے قیام کو پاکستان کی اہم کامیابی قرار دیا اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے مشترکہ کوششوں کے تسلسل کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ملائیشیا میں ہونے والی آئندہ ٹاسک فورس میٹنگ میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔











