لاہور، 15 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سیالکوٹ میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کے قریب 400 ایکڑ رقبے پر جدید طرز کی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی صنعت اور روزگار کے فروغ کے لیے انڈسٹریل زونز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں پنجاب کی چار انڈسٹریل اسٹیٹس کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو آفر کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ کو محکمہ فشریز کے حوالے کرنے جبکہ بھلوال، وہاڑی اور بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹس سعودی سرمایہ کاروں کو پیش کرنے کی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیڈمک اور پیڈمک میں بے ضابطگیوں اور گھپلوں پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ اجلاس میں فیڈمک اور پیڈمک کی آڈٹ رپورٹس پیش کی گئیں جن میں متعدد بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابقہ دورِ حکومت میں ناک کے نیچے فراڈ ہوتا رہا اور کسی نے پرواہ نہیں کی۔ اب سرکاری اراضی کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔ اجلاس میں انڈسٹریل اسٹیٹس سے متعلق پالیسی کا ازسرِ نو جائزہ لینے اور ان کے انتظامی نظام کو بہتر بنانے کے لیے رولز اینڈ ریگولیشن میں ترامیم کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ پنجاب میں صنعتی ترقی، شفافیت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔











