اسلام آباد، 26 اکتوبر ( اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ملاقاتوں میں انسدادِ منشیات، انسانی سمگلنگ اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پانچ برس بعد برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن کے دوبارہ آغاز پر برطانوی حکومت اور ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر اور امریکی قائم مقام سفیر نے منشیات کے خلاف پاک بحریہ کے حالیہ آپریشن کو سراہا۔برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے، جس دوران امیگریشن اور انسدادِ منشیات کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ برطانوی ہائی کمیشن کے تعاون سے قائم ہونے والا سینٹر آف ایکسیلنس پاکستانی اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مرکز کے قیام سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان میوچوئل لیگل اسسٹنس اور ایکسٹراڈیشن معاملاتمیں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، اور امریکہ سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔











