واشنگٹن ڈی سی، 17 اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں چین کے نائب وزیرِ خزانہ لیاؤ مِن سے ملاقات کی، جس میں اقتصادی اصلاحات، مالیاتی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے اپنے چینی ہم منصب کو حال ہی میں آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے اسٹاف لیول معاہدے سے آگاہ کیا اور اسے حکومت کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے پر عالمی اعتماد اور بیرونی توثیق قرار دیا۔
انہوں نے چینی منڈی میں پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق تازہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور پاکستان کی نیو ڈیولپمنٹ بینک میں رکنیت کے لیے چین کی حمایت کی درخواست کی۔
محمد اورنگزیب نے آئی سی ٹی، زراعت، صنعت اور معدنیات کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معیشت کے مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ قریبی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
وزیرِ خزانہ نے بورڈ میٹنگز کے دوران مکمل تعاون فراہم کرنے پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے دفتر کا شکریہ ادا کیا اور چینی نائب وزیرِ خزانہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔











