وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی برطانوی وزیر سے ملاقات

26

‎ واشنگٹن ڈی سی، 17 اکتوبر ( اے پی پی ):   وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے دورہِ امریکہ کے دوران برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی و افریقہ بیرونس جینی چیپمین سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پاکستان میں جاری اصلاحات، ترقیاتی تعاون، اور معاشی ترجیحات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

‎سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کے لیے برطانیہ کی طویل المدتی ترقیاتی معاونت پر شکریہ ادا کیا اور خاص طور پر معاشی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے میں برطانیہ کے کردار کو سراہا۔

‎وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ منصوبے میں دونوں ممالک کے مابین جاری تعاون کو خوش آئند قرار دیا، جس کا مقصد سرکاری منصوبوں کی نگرانی میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

‎انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے انتخاب اور نفاذ کے عمل میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو مزید مضبوط کیا جائے تاکہ یہ منصوبے قومی ترجیحات سے ہم آہنگ رہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، وزیر خزانہ نے آف بجٹ منصوبوں میں شفافیت اور ہم آہنگی کو بڑھانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی تاکہ ان کے نتائج کو مزید مؤثر اور دیرپا بنایا جا سکے۔

‎ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پائیدار ترقی اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔