کوالالمپور، 7 0اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے ملائیشیا کے نائب وزیر برائے سرمایہ کاری، تجارت و صنعت لیو چن تُونگ سے کوالالمپور میں پاکستان۔ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی جس میں دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ تجارت وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ 5 سے 7 اکتوبر تک ملائیشیا کے سرکاری دورے پر ہیں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران مختلف شعبوں میں شراکت داری کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی جن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز، آٹو موبائل، ایوی ایشن، زرعی و حلال فوڈ ٹریڈ شامل ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستانی و ملائیشین کمپنیوں کے درمیان دس بی ٹو بی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقریب میں بھی شرکت کی، جن کا تعلق زرعی خوراک، جیلاٹین اور سی فوڈ کی برآمد سے ہے۔
انہوں نے وزیراعظم داتوسری انور ابراہیم اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کو بھی نہایت مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیا، اور اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، بالخصوص مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی اور گرین انرجی کے شعبوں میں۔اس موقع پر پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں اضافے اور ملائیشین سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملائیشیا۔پاکستان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (MPCEPA) پر عملدرآمد اور اس کی تجدید کو تیز تر کیا جائے تاکہ دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔











