اسلام آباد، 16 اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیرِ صدارت آزاد جموں و کشمیر کی امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے آزاد جموں و کشمیر میں موجودہ امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزیرِ اعظم پاکستان کی اولین ترجیح کشمیری عوام کی فلاح و بہبود، پائیدار ترقی اور خطے میں امن و استحکام کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔











