واشنگٹن ڈی سی،16 اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں باروارز فورم کے راؤنڈ ٹیبل سیشن میں شرکت کی، جہاں انہوں نے قرضوں کی ادائیگیوں اور سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری کے درمیان توازن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ انسانی ترقی، تعلیم اور صحت جیسے سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری بھی معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے باروارز فورم کے قیام کو اجتماعی عمل، علم کے تبادلے اور پالیسی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک مثبت اقدام قرار دیا۔
محمد اورنگزیب نے بہتر قرضوں کے نظم و نسق، تکنیکی استعداد میں اضافے اور پائیدار مالی وسائل تک رسائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے موسمیاتی استحکام اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ذمہ دار مالی پالیسیوں اور مؤثر شراکت داریوں کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے کوشاں رہے گا۔











