وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال سے امریکہ کی ناظم الامور نٹالی بیکر کی ملاقات

18

اسلام آباد، 6 1اکتوبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے امریکہ کی ناظم الامور نٹالی بیکر نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات، اور ماحولیاتی استحکام کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیم، سائنس اور ترقی کے میدان میں دیرینہ تعاون موجود ہے، جسے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے علم اور جدت میں نئی شراکت داری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے دیرینہ تعلقات کو نئی جہت دے رہے ہیں۔ امریکہ–پاکستان علمی کوریڈور کو فعال کرنے سے پاکستانی اسکالرز کے لیے امریکی جامعات میں تعلیم اور تحقیق کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے۔

ملاقات میں دونوں فریقوں نے پاک–امریکہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ خوشحالی، علم کے تبادلے اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔