وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی زیرِ صدارت آبادی میں اضافے سے متعلق قائم کمیٹی کا اجلاس

9

اسلام آباد، 15 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیرِ صدارت آبادی میں اضافے سے متعلق وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک، رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر سائرہ افضل تارڑ، اور معروف ماہرِ سماجیات زیبا ستار سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں آبادی میں تیز رفتار اضافے کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز اور پالیسی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ آبادی میں اضافہ معاشی اور سماجی اشاریوں پر اثرانداز ہو رہا ہے، لہٰذا اس کے تدارک کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی تعاون ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آبادی کے مسئلے کو قومی ترجیح کے طور پر دیکھ رہی ہے اور اس سلسلے میں ایک جامع حکمتِ عملی تشکیل دی جا رہی ہے۔ کمیٹی نے سفارشات کو حتمی شکل دینے اور آئندہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے دس دن کے اندر دوبارہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا۔