پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے ایک اور عالمی ریکارڈ توڑ دیا، مجموعی ریکارڈز کی تعداد 150 ہو گئی

14

‎ 
اسلام آباد، 19 اکتوبر ( اے پی پی): پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا ہے۔ عرفان محسود نے ناروے کے سیور دائرسن کا گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک منٹ میں 80 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 42 فنگر ٹیپ پش اپس کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ سیور دائرسن نے اس سے قبل ایک منٹ میں 38 پش اپس کیے تھے۔

‎یہ ریکارڈ عرفان محسود کے گینیز ورلڈ ریکارڈز کی فہرست میں 150ویں کامیابی ہے، جو انہوں نے صرف 9 سال کے قلیل عرصے میں حاصل کی۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پش اپس کی کیٹیگری میں سب سے زیادہ، یعنی 70 عالمی ریکارڈز بنانے والے ایتھلیٹ بن چکے ہیں۔

‎عرفان محسود نے مختلف وزنوں ، 100 پاؤنڈ، 80 پاؤنڈ، 60 پاؤنڈ اور 40 پاؤنڈ  کے ساتھ بھی کئی عالمی ریکارڈز اپنے نام کیے ہیں۔ ان کی مہارت صرف پش اپس تک محدود نہیں بلکہ انہوں نے مارشل پش اپس، اسکواٹس، جمپنگ جیکس، سٹیپ اپس، نی سٹرائکس، ایلبو سٹرائکس، سائڈ جمپس، ہائی جمپس اور اسٹار جمپس جیسے متنوع فٹنس مقابلوں میں بھی ریکارڈز بنائے ہیں۔

‎عرفان محسود اب تک دنیا کے 20 مختلف ممالک کے عالمی ریکارڈز توڑ چکے ہیں جن میں امریکہ، برطانیہ، انڈیا، چین، ناروے، جرمنی، فرانس، فن لینڈ، فلپائن، سپین، اٹلی، لبنان، مصر، عراق، پاکستان اور شام شامل ہیں۔

‎ان کے 20 شاگرد بھی اب تک گینیز ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں، جو ان کی کوچنگ اور تربیت کی اعلیٰ سطح کو ظاہر کرتا ہے۔عرفان محسود کو 2023 میں پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں سے ایک، صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

‎یہ کارنامہ نہ صرف پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی مثبت پہچان کو بھی مزید مضبوط بناتا ہے۔