اسلام آباد، 14 اکتوبر )اے پی پی):اسلام آباد میں آج پاکستان ویتنام بزنس فورم منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے خطاب کیا۔ فورم میں پاکستان اور ویتنام کے درجنوں کاروباری نمائندوں، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور ویتنامی وزارت صنعت و تجارت کے حکام نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان دیرینہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، لیدر، فارماسیوٹیکل، زراعت، فوڈ پروسیسنگ اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) سے مارکیٹ تک رسائی اور تجارتی تنوع میں اضافہ ہوگا، جو دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کا باعث بنے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے کاروباری ادارے طویل المدتی پارٹنرشپ قائم کریں تاکہ دوطرفہ تجارت میں حقیقی پیش رفت ممکن ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں نوجوان افرادی قوت اور پرکشش کاروباری ماحول موجود ہے، جبکہ ویتنام کی صنعتی ترقی اور ویلیو ایڈیڈ مینوفیکچرنگ سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ جام کمال خان نے کہا کہ یہ فورم پاک ویتنام معاشی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے ویتنامی کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور نومبر میں کراچی میں ہونے والی فوڈ اینڈ ایگریکلچر ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی۔











