اسلام آباد، 23 اکتوبر (اے پی پی):اقلیتوں کے مسائل پر خصوصی نمائندے کے ساتھ تعاملی مکالمے کے دوران پاکستان کی نمائندہ صائمہ سلیم نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور تنوع کے احترام کے بغیر عالمی امن اور جامع ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے قانون کے مطابق اقلیتوں کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کرے۔
صائمہ سلیم نے کہا کہ پاکستان کا عزم آئین اور قائداعظم محمد علی جناح کے وژن میں مضمر ہے۔ پاکستان نے اقلیتوں کی نمائندگی، فلاح و بہبود، اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مؤثر ادارے قائم کیے ہیں۔ انہوں نے اسلاموفوبیا، دائیں بازو کی انتہا پسندی، اور بھارت میں اقلیتوں کے خلاف امتیازی پالیسیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو ان خطرناک رجحانات کا متحد ہو کر مقابلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔











