پولینڈ کی ترقیاتی کہانی ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک پیغام ہے، راڈوسواف سِکورسکی

20

اسلام آباد، 23 اکتوبر (اے پی پی): انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں پولینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ راڈوسواف سِکورسکی نے ’’پولینڈ کی کامیابی کی کہانی: ابھرتے ہوئے ممالک کے لیے پیغام‘‘ کے عنوان سے لیکچر دیا۔ تقریب کا انعقاد سینٹر فار اسٹریٹجک پرسپیکٹیوز نے پولش انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کے تعاون سے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سفیر سہیل محمود نے کہا کہ پولینڈ نے معاشی نظم، ادارہ جاتی اصلاحات اور دور اندیش حکمتِ عملی کے ذریعے نمایاں ترقی حاصل کی ہے، جو ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔

لیکچر میں راڈوسواف سِکورسکی نے پولینڈ کی اقتصادی تبدیلی اور اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1989 سے اب تک پولینڈ کی فی کس آمدن تین گنا بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ طویل دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے توانائی، تجارت، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

اس سے قبل آئی ایس ایس آئی اور پولش انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔