چھاتی کے سرطان سے آگہی کے لیے نوری ہسپتال میں سیمینار کا انعقاد

15

اسلام آباد، 22 اکتوبر (اے پی پی): نوری ہسپتال کی جانب سے چھاتی کے سرطان کی آگہی کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں جڑواں شہروں کی خواتین، طلباء اور ڈاکٹروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈائریکٹر نوری ہسپتال ڈاکٹر حمیرا محمود نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینسر جسم کے کسی بھی حصے کو متاثر کر سکتا ہے تاہم اکتوبر کا مہینہ خاص طور پر چھاتی کے سرطان سے آگہی کے لیے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرض قابلِ علاج ہے اور اچھی خوراک، متوازن طرزِ زندگی اور باقاعدہ طبی معائنہ اسے روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

ڈاکٹر حمیرا نے کہا کہ نوری ہسپتال میں جدید ترین مشینری اور ماہر ڈاکٹروں کی زیرِ نگرانی علاج فراہم کیا جاتا ہےجب کہ متوسط طبقے کے مریضوں کو بھی معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں کیونکہ صحت اور زندگی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ترقی یافتہ ممالک میں کینسر کے کیسز کی شرح زیادہ ہے اور ان ممالک میں اموات کی شرح بھی نمایاں طور پر بلند ہے۔ عالمی ادارہ برائے کینسر کے مطابق 2022 میں ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کینسر سے متاثر ہوئے اور یہ تعداد بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوری ہسپتال میں ’سائبر نائف‘ کی جدید ترین سہولت دستیاب ہے جو کینسر کے علاج کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔

سیمینار کے دوران شرکاء کو کینسر کی تشخیص اور علاج کے مختلف مراحل، بشمول ریڈیو گرافی، کیموتھراپی، سرجری اور نفسیاتی دیکھ بھال کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔