چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی نپس،نسٹ یونیورسٹی کے زیر اہتمام ‘اسلام آباد سمپوزیم 2025’ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

105

راولپنڈی، 16 اکتوبر (اے پی پی ): چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نےنپس،نسٹ یونیورسٹی کے زیر اہتمام ‘اسلام آباد سمپوزیم 2025’ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جے سی ایس سی نے تمام مقررین اور پینلسٹس سے ان کی قیمتی بصیرت پر اظہار تشکر کیا اور عالمی اور علاقائی ماحول پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ ، عالمی شمالی اور گلوبل ساؤتھ کے درمیان بات چیت، وقار اور اصولی سفارتکاری کے ذریعے تعلقات کو متوازن بنانے کے لئے پاکستان کے فعال کردار کاعزم ظاہر کیا۔ تصادم کو تعاون سے بدلنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے  چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزانے کہا کہ پاکستان باہمی احترام اور بین الاقوامی قانون میں جڑے بقائے باہمی کے وژن سے رہنمائی حاصل کرتا ہے۔چیئرمین جے سی ایس سی نے فلسطین اور جموں و کشمیر سمیت تنازعات کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطوں اور تہذیبوں کے سنگم پر کھڑے ہو کر پاکستان تحمل اور تعمیری روابط کو برقرار رکھے ہوئے ہے جو کہ تقسیم کو ختم کرنے اور انصاف، مساوات اور باہمی احترام پر مبنی ایک متوازن عالمی  نظام  کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔

تقریب میں اکیڈیمیا ممبران ، بیوروکریٹس، غیر ملکی سفیروں، تاجر برادری کے نمائندوں، معروف یونیورسٹیوں کے طلباء اور فیکلٹی نے شرکت کی۔