لاہور، 16 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ صحت و آبادی میں کابینہ کمیٹی برائے متعدی امراض بشمول ڈینگی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اہم اجلاس صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سی ای اوز اور طبی ماہرین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں ڈینگی کی تازہ صورتحال اور اس پر قابو پانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ گزشتہ اجلاس میں جاری احکامات پر عملدرآمد کی پیش رفت بھی زیرِ غور آئی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں ڈینگی کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز اپنے علاقوں میں ڈینگی کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں اور رہائشیوں میں آگاہی کے لیے سوالنامے تقسیم کریں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام محکموں کی بھرپور شرکت کے بغیر ڈینگی کا مؤثر خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کباڑ خانوں اور قبرستانوں میں خصوصی سرویلنس کروائی جائے، جبکہ ہائی رسک اضلاع میں انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کنسٹرکشن سائٹس پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے اور کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی کارروائیوں کی خود نگرانی کریں۔ وزرائے صحت نے واضح کیا کہ موجودہ سیزن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تصدیق شدہ ڈینگی مریضوں کا ڈیٹا فوری اپ ڈیٹ کیا جائے تاکہ بروقت اقدامات ممکن بن سکیں۔ وزرائے صحت نے کہا کہ ان ڈور و آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کو عبادت سمجھ کر انجام دیا جائے اور سکولوں و کالجز میں آگاہی کے لیے سوالنامے ہر پندرہ روز بعد دہرائے جائیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کی 100 فیصد حاضری یقینی بنائی جائے اور ہر تربیتی سیشن کے بعد تھرڈ پارٹی ایوی لویشن کے ذریعے کارکردگی کا جائزہ لیا جائے۔ وزرائے صحت نے ہدایت کی کہ لاجیسٹک سپورٹ اور جیو ٹیگنگ سمیت تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ ڈینگی کی افزائش والے اضلاع میں مؤثر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔











