اسلام آباد، 31 اکتوبر (اے پی پی ): کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پاک ترک فرینڈشپ ویک کے رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان اور ترکیہ کی ثقافتی جھلکیوں نے شائقین کو متوجہ کیا۔
یہ رنگا رنگ تقریبات پاک ترکیہ فرینڈشپ ویک کا حصہ ہیں جو پاکستان میں جاری ہیں۔ کلچرل شو میں ترکیہ سے آئے ثقافتی گروپ نے اپنے رقص پیش کیے۔ اس موقع پر پاکستانی علاقائی ثقافتی رقص بھی پیش کیا گیا جس میں فنکاروں نے اپنے فن سے شائقین کو محظوظ کیا۔
اس موقع پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نزیر اوغلو نے کہا کہ اس سال ہم نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے تعاون سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جس کا مقصد ترکیہ اور پاکستان کے طویل تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا تھا۔ انھوں نے کہا کہ پاک ترک انٹرنیشنل سکولز کا پاکستان میں فعال ہونا پاکستان اور ترکیہ کی بے مثال دوستی کا ثبوت ہے۔ انھوں نے پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا اور تعلیم کے شعبے میں مزید تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔











