اسلام آباد، 05نومبر(اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں پارلیمانی وفدنے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور اقتصادی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایرانی اسپیکر اور وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں خطے میں امن، ترقی اور عوامی خوشحالی کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مذہب اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں،
پوری قوم، پارلیمنٹ اور حکومت ایران کے ساتھ کھڑی ہے،ایران اور پاکستان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات میں فروغ خوش آئند ہے، ایران پاکستان کا قابل اعتماد برادر ہمسایہ ملک ہے،
اسپیکر قومی اسمبلی نے ایران کی عوام اور حکومت کو اسرائیلی حملہ ناکام بنانے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ پہلی پارلیمنٹ ہے جس نے غیر مبہم انداز میں ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے” پاکستان زندہ باد “کے نعرے لگانے کو سراہا اور بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی حمایت کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔
اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھتے ہوئے دلی مسرت ہوئی،۔ پاکستان نے ثابت کر دیا کہ مشکل وقت کا ساتھی ہی حقیقی دوست ہوتا ہے۔ اسرائیل کی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی حقیقی حمایت دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی عکاس ہے،ایرانی اسپیکر نے اسرائیلی جارحیت کے دوران ایران کی حمایت پر پاکستانی عوام، پارلیمنٹ اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ایرانی اسپیکر نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ایرانی اسپیکر نے کہا کہ پاکستان نے تمام عالمی فورمز پر ایران کی حمایت کی جس کا ایران تہہ دل سے شکرگزار ہے،دونوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے تبادلے باہمی اعتماد کے فروغ میں مددگار ہیں۔
ایرانی پارلیمانی وفد کے اراکین نے پاکستان کی پارلیمان کے فعال کردار کو سراہا۔
ملاقات میں ممبر قومی اسمبلی اور کنونیر ایران پاکستان پارلیمانی گروپ سید نوید قمر بھی موجود تھے۔











