اسلام آباد، 29 نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ اہتمام یہ بین الاقوامی قرات مقابلہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے
ہفتہ کو بین الاقوامی قرات مقابلے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ قرآن مجید دلوں کو جوڑنے اور روح کو سکون دینے کا ذریعہ ہے، اور پاکستان کا قرآن سے خصوصی تعلق ہے کیونکہ یہ ملک 27 رمضان المبارک کو وجود میں آیا اور قرآن بھی اسی تاریخ کو نازل ہوا۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ قرآن مجید ہمارے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے اور دنیا بھر کے قرّاء کی شرکت یکجہتی، امن اور اتحاد کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تلاوتِ قرآن کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں اور قاری حضرات کی قرأت سے دل منور ہوگئے۔
سردار یوسف نے کہا کہ عربی سیکھنا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان میں قرآن کی تلاوت تو کی جاتی ہے مگر سمجھنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے جامعات میں عربی زبان کے خصوصی کورسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔سردار یوسف نے اعلان کیا کہ بین الاقوامی مقابلۂ قرأت ہر سال منعقد کیا جائے گا اور اگلے برس نہ صرف مسلم ممالک بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے تمام مسلمان ممالک کے قرّاء کو اس مقابلے میں مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقابلے نے عالمی سطح پر قرآن کا پیغام امن اور وحدت کے ساتھ پہنچایا ہے۔











