حکومتِ پاکستان ’’اُڑان پاکستان‘‘ کے وژن کے تحت اقبالؒ کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے پرعزم ہے ،احسن اقبال

9

اسلام آباد، 9 نومبر(اے پی پی ):یومِ اقبال کے موقع پر وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے اپنے پیغام میں شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ ایک صاحبِ وژن مفکر اور امتِ مسلمہ کے فکری معمار تھے جنہوں نے خودی، خوداعتمادی اور مقصدِ حیات کے فلسفے سے ایک باوقار اور خودمختار قوم کا خواب دیکھا۔ احسن اقبال نے کہا کہ اقبالؒ کا پیغام نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے جو انہیں علم، کردار، نظم و ضبط اور یقینِ کامل کے ذریعے ترقی و قیادت کی بلندیوں تک پہنچنے کی ترغیب دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان ’’اُڑان پاکستان‘‘ کے وژن کے تحت اقبالؒ کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے پرعزم ہے، جو قومی احیاء اور اجتماعی عزم کی علامت ہے۔ وزیرِ منصوبہ بندی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محنت، یقین اور خوداعتمادی کے ساتھ ہم پاکستان کو اُس مقام تک لے جا سکتے ہیں جس کا خواب علامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا۔