راولپنڈی، 17 نومبر ( اے پی پی): زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان سکندر رضا نے سہ ملکی سیریز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہے کہ زمبابوے کی ٹیم اچھی بیٹنگ اچھی کارکردگی دکھا کر کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اور دیگر کھلاڑیوں کو پاکستان میں کھیلنے کا تجربہ ہے انشاءاللہ تجربے اور کارکردگی سے سیریز اپنے نام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل ٹائٹل حاصل کرنے والی ٹیم کا حصہ رہا ہوں لیکن جب بھی ہم ملتے ہیں تو ایک دوسرے کی ٹیم کی کمزوریوں کی بجائے صرف زندگی کی مصروفیات اور خوشگوار لمحات پر بات کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سکندر رضا نے کہا کہ موجودہ ٹیم کو زمبابوے ٹیم کے ماضی کے ساتھ جوڑنا انتہائی زیادتی ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم نے آسٹریلیا ٹیم کو آسٹریلین سرزمین پر پہلی دفعہ شکست دی۔ 2020 ورلڈ کپ میں زمبابوے ٹیم کی کارکردگی سب کے سامنے ہے،سکندر رضا نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم میں کھلاڑیوں کا پول بہت مختصر ہے، جس کےلئے کرکٹ بورڈ نے دور دراز علاقوں میں ٹیلنٹ تلاش کرکے انہوں قومی سطح تک لانے کا فیصلہ کیا ہے۔











