صدر آصف علی زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر دوحہ، قطر پہنچ گئے

15

اسلام آباد، 4 نومبر (اے پی پی):  صدرِ مملکت آصف علی زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر دوحہ، قطر پہنچ گئے۔ حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر صدرِ مملکت اور ان کے وفد کا استقبال سینئر قطری حکام اور دوحہ میں تعینات پاکستان کے سفیر نے کیا۔ صدر آصف علی زرداری کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔

صدرِ مملکت عالمی سماجی ترقیاتی کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں وہ اپنے کلیدی خطاب میں عالمی برادری کو سماجی ترقی اور جامع معاشی نمو کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔صدر آصف علی زرداری اپنے خطاب میں سماجی تحفظ، غربت میں کمی اور کمزور طبقوں کو مستحکم کرنے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کردار پر روشنی ڈالیں گے۔

صدر مملکت دوحہ الائنس، سوشل پروٹیکشن اینڈ جابز کمپیکٹ کے آغاز کے لیے پاکستان کے اقدامات اور عالمی ترقیاتی وعدوں سے ہم آہنگ منصوبوں پر بھی بات کریں گے۔مزید برآں، صدر آصف علی زرداری سماجی و ماحولیاتی تبدیلیوں کے لیے مالی وسائل کے حصول، ایس ڈی جی اسٹمولیس اور دیگر عالمی اقدامات کی اہمیت پر زور دیں گے۔

صدر مملکت اپنے دورۂ قطر کے دوران مختلف عالمی و علاقائی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔