صدر مملکت آصف علی زرداری سے گوئٹےمالا کے سابق صدر اور پارلیمان کے سپیکر جمی مورالیز کی ملاقات

14

اسلام آباد،12نومبر  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے گوئٹےمالا  کے سابق صدر اور پارلیمان کے  سپیکر جمی مورالیز نے بدھ کو ملاقات کی اور  دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور بین الپارلیمانی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے  پاکستان اور گوئٹےمالا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور گوئٹےمالا کو دیہی ترقی، ماحولیاتی چیلنجز اور معاشی جدیدیت جیسے مشترکہ مسائل کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون وقت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک زراعت، قابلِ تجدید توانائی اور طبی سائنسز کے شعبوں میں عملی تعاون کے وسیع امکانات رکھتے ہیں۔ انہوں نے جمی مورالیز کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے فریم ورک سے آگاہ کیا اور گوئٹےمالا کو اس کے تحت مشترکہ سرمایہ کاری اور منصوبوں میں شمولیت کی دعوت دی۔صدر مملکت نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی حمایت پر گوئٹےمالا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور گوئٹےمالا کے درمیان پارلیمانی و ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے اور جغرافیائی فاصلے کو دوستی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دینا چاہئے۔اس موقع پر جمی مورالیز نے پاکستان کی میزبانی اور بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت پر صدر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے روابط دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔جمی مورالیز نے کہا کہ گوئٹےمالا وسطی امریکہ کا سب سے بڑا ملک ہے ، ہم پاکستان کے ترقیاتی تجربات سے سیکھنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور گوئٹےمالا کے درمیان تجارت و کاروبار کے نئے دروازے کھولنے کے عزم کے ساتھ یہاں آ ئے  ہیں۔ملاقات میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔