اسلام آباد،نومبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران ایمان، تاریخ اور ثقافت کے گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، پارلیمانی کمیٹیوں اور فرینڈشپ گروپس کے درمیان رابطے باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔
جمعرات کو قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے ایران کی اسلامی مشاورتی اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے ایوان صدر میں ملاقات کی جس کے بعد ظہرانہ دیا گیا۔قائم مقام صدر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ایران ایمان، تاریخ اور ثقافت کے گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے سیاسی مکالمے، اقتصادی روابط اور عوامی تبادلوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی کمیٹیوں اور فرینڈشپ گروپس کے درمیان رابطے باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران تعلیم، ثقافت اور نوجوانوں کے تبادلے کے پروگراموں میں بھی تعاون بڑھا سکتے ہیں۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارت، علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ایرانی سپیکر نے کہا کہ ایران پاکستان کو برادر اور قابل اعتماد ہمسایہ سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کا پارلیمانی وفد آئندہ سپیکرز کانفرنس میں شرکت کرے گا۔











