قومی اسمبلی اجلاس ،نیوز ایمپلائز ملازمت کی شرائط ترمیمی بل 2025 پیش

12

اسلام آباد،14 نومبر (اے پی پی): قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ  کو یہاںپارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اجلاس کے دوران آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی مختلف سالوں کی آڈٹ رپورٹس ایوان میں پیش کیں۔

 انہوں نے حکومتِ پاکستان کی مد بندی برائے مالی سال 2023-24 اور وفاقی حسابات سے متعلق آڈٹ رپورٹس کو دستورِ پاکستان کے آرٹیکل 171 کے تحت قومی اسمبلی کے سامنے رکھا۔ بعدازاں انہوں نے نیوز ایمپلائز ملازمت کی شرائط ترمیمی بل 2025 بھی ایوان میں پیش کیا۔

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو بلال اظہر کیانی نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ ہمارے سر کا تاج ہیں اور سب سے زیادہ ٹیکس اسی طبقے نے ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کی وسعت کے لیے کام کر رہی ہے، اور اس کی توسیع کے بعد تنخواہ دار طبقے کو مزید ریلیف دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافہ اور ٹیکس نظام میں ہم آہنگی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم فرح نار نے ایوان کو بتایا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کی تقرری میں مزید چار ماہ لگیں گے اور اس وقت وفاقی سیکرٹری کو تین ماہ کے لیے اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی ہو گیا۔