قومی اسمبلی نے پاکستان آرمی ترمیمی بل2025، پاکستان ائیرفورس ترمیمی بل 2025،پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025 کی منظوری دیدی

10

اسلام آباد،13نومبر  (اے پی پی):قومی اسمبلی نے پاکستان آرمی ترمیمی بل2025، پاکستان ائیرفورس ترمیمی بل 2025،پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025کی منظوری دیدی۔ جمعرات کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے بتایا کہ   وفاقی کا بینہ کا آج اجلاس ہواہے جس میں  متعلقہ قانون سازی کیلئے اجازت دی گئی ہے، 27ویں ترمیم پرصدرمملکت نے دستخط کردئیے ہیں اور اب یہ آئین کا حصہ ہے،  آئینی عدالت قائم ہوگئی ہے، وزیراعظم نے صدر مملکت،بلاول بھٹوزرداری اور اتحادی جماعتوں کی قائدین کا شکریہ اداکیاہے۔وزیرقانون نے کہاکہ آرٹیکل 243میں تبدیلیاں کی گئیں  ہیں،فیلڈمارشل کے عہدے کوآئینی تحفظ فراہم کیا گیا ہے، جدید جنگی رحجانات کے تناظرمیں آرمی چیف کے عہدے کوچیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے سے تبدیل کیا گیا ہے،ان کے عہدوں پرتعیناتی کیلئے  وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے وزارت دفاع کی جانب سے تین قوانین کی سمریاں  وزارت قانون کوفراہم کی ہے جس کی وفاقی کا بینہ  نے منظوری دیدی ہے،آئینی عدالت کیلئے پریکٹس اینڈپروسیجرایکٹ میں بعض ترامیم کے مسودہ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے سپیکرسے ضمنی ایجنڈامیں ان ترامیم کوشامل کرنے کی استدعاکی جس کی سپیکرنے اجازت دیدی۔خواجہ محمد آصف نے پاکستان آرمی ایکٹ 1952میں ترمیم کرنے کے بل پاکستان آرمی ترمیمی بل2025، پاکستان ائیرفورس ایکٹ  1953میں ترمیم کرنے کے بل پاکستان ائیرفورس ترمیمی بل2025اورپاکستان نیوی آرڈی ننس 1961میں ترمیم کے بل پاکستان نیوی ترمیمی بل 2025ایوان میں پیش کرنے کی اجازت چاہی، اجازت ملنے پرانہوں نے تینوں بل ایوان میں پیش کئے  جس کی ایوان نے شق وارمنظوری دیدی۔قبل ازیں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے ایوان کوبتایا کہ   سری لنکا کی حکومت اور کرکٹ بورڈ  کا  فیصلہ خوش آئند ہے۔