ملتان،26 نومبر (اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے فیلڈ صفائی عملے کی کڑی مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد حسین بھٹی بدھ کی علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال چیک کرنے کے لیے فیلڈ میں خود پہنچے۔سی ای او عابد حسین بھٹی نے عملہ صفائی کی حاضری،کارکردگی اور صفائی کے مجموعی معیار کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے متعلقہ ڈسٹرکٹ مینیجر کو مثالی صفائی یقینی بنانے کی سخت وارننگ جاری کی جبکہ بغیر یونیفارم ورکرز اور غیر معیاری صفائی پر شدید برہمی کا اظہار بھی کیا۔سی ای او نے صفائی کا معیار تسلی بخش نہ ہونے پر مانیٹرنگ آفیسر کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ستھرا پنجاب مہم‘‘ میں غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمپنی افسران اور کنٹریکٹرز کو صفائی کے مقررہ اہداف پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔عابد حسین بھٹی نے سڑکوں کی واشنگ، ویسٹ کنٹینرز اور ڈسٹ بنز کی باقاعدہ دھلائی کے لیے موثر پلان پر زور دیتے ہوئے ورکرز کو نئے یونیفارم اور صفائی آپریشن کی دیگر ضروریات کی فوری فراہمی کے بھی احکامات دیے۔
اس موقع پر ڈویژنل منیجر آپریشن انوارالحق نے سی ای او کو صفائی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔











