وزارت صحت اور اٹلانٹک انٹرنیشنل بزنس نیٹ ورک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

8

اسلام آباد، 21 نومبر  (اے پی پی):وزارت صحت اور اٹلانٹک انٹرنیشنل بزنس نیٹ ورک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ وزارت کی جانب سے سیکریٹری صحت اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر PIMS جبکہ AIBN کی نمائندگی کرنے والے عہدیداران نے دستخط کیے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق اس اقدام سے اسپتالوں میں مریضوں کے بہاؤ اور آپریشنز کو بہتر بنانے کے لیے جدید مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں پیش رفت ہوگی۔ پاکستان میں قائم کمپنی اٹلانٹک انٹرنیشنل بزنس نیٹ ورک گیارہ ماڈیولز پر مشتمل جامع MIS بلا معاوضہ فراہم کرے گی جس کی تنصیب چھ ہفتوں سے دو ماہ کے اندر مکمل کی جائے گی۔

وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ یہ جدید نظام قومی فریم ورک ون پیشنٹ ون آئی ڈی کے ساتھ مکمل طور پر منسلک ہوگا اور وزارت میں قائم خصوصی ڈیش بورڈ کے ذریعے اس کی نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں طبی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانے پر کام جاری ہے اور نظام کی پائیداری کے لیے اسپتال کے عملے اور استعمال کنندگان کے لیے تربیتی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔

وزیر صحت نے کہا کہ اس اقدام سے عوامی شعبے کے اسپتالوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی مریضوں کے بہاؤ میں آسانی ہوگی اور ڈیجیٹل ہیلتھ سروسز کو فروغ ملے گا۔