اسلام آباد،11نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سلامتی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے زور دیا کہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف آپریشن جاری رہیں گے، یہاں تک کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو جائے۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے قومی اہمیت کے دیگر معاملات پر بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزراء سید محسن رضا نقوی، خالد حسین مگسی، چوہدری سالک حسین، اعظم نذیر تارڑ اور عبدالعلیم خان بھی موجود تھے۔











