اسلام آباد، 29 نومبر ( اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت ہارون اختر خان سے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں سرحد چیمبر نے پشاور اور خیبرپختونخوا کے کاروباری طبقے کو درپیش بڑے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی ۔ہارون اختر خان نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق سرحد چیمبر کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک کے چھوٹے، مائیکرو اور بڑے کاروباری طبقے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں، جبکہ وزارتِ صنعت کی تمام پالیسیاں مسائل کے حل اور معیشت کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ازبکستان اور قزاقستان سے پاکستان تک نئی ریلوے لائنز خیبرپختونخوا کے کاروبار کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوں گی، کیونکہ اس سے کنیکٹیویٹی بڑھنے کے ساتھ سیکیورٹی، انفراسٹرکچر اور انڈرڈیولپمنٹ کے مسائل حل ہوں گے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ نئی نیشنل انڈسٹریل پالیسی میں ٹیکسیشن اور کاروباری طبقے کے تمام بنیادی مسائل کا حل شامل ہے۔معاون خصوصی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ مسائل کے حل کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں۔
اس موقع پر سرحد چیمبر کو مختلف حکومتی کمیٹیوں کا حصہ بھی بنا دیا گیا۔صدر سرحد چیمبر نے صنعتی ترقی کے لیے وزیراعظم اور ہارون اختر خان کی کاوشوں کو سراہا۔











